مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی ریاست منی پورمیں آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر گاڑی پر حملے میں اہلیہ ، بیٹے اور 3 فوجی اہلکاروں سمیت ہلاک ہوگئے ہیں ۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی ریاست منی پور میں آسام رائفلز یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر اہل خانہ سمیت اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ اچانک گھات لگائے مسلح افراد نے قافلے پر حملہ کردیا۔ جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کمانڈنگ آفیسر، ان کی اہلیہ اور بیٹے سمیت 3 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں علیحدگی پسند عسکری جماعت پیپلز لبریشن آرمی ایسے حملوں میں ملوث رہی ہے۔
بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمانڈنگ آفیسر اہل خانہ سمیت اپنی گاڑی میں جارہے تھے جب کہ ان کی حفاظت کے لیے ایک فوجی گاڑی بھی ہمراہ تھی جن میں 3 سکیورٹی اہلکار موجود تھے۔
واضح رہے کہ بھارت کی شمالی ریاستوں میں کئی علیحدگی پسند عسکری جماعتیں متحرک ہیں جن کے ساتھ سکیورٹی اداروں کی جھڑپیں معمول کی بات ہیں ۔
آپ کا تبصرہ